جہلم(عبدالغفور بٹ )پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن جہلم کے ضلعی جنرل سیکرٹری احسان الہٰی شاکر نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ ہم کلرک بھائیوں کو ان کے سکیل اپ گریڈ ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اس کامیابی کے پیچھے اپیکا کی طویل جہدوجد شامل ہے۔ ہم اپیکا کی ہمت ،لگن اور ثابت قدمی پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں،دوسری جانب حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جس طرح پنجاب بھر میں کلرکوں کے سکیل کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اسی طرح اساتذہ کے سکیل بھی بڑھائے جائیں،احسان الہٰی شاکر نے کہا کہ ماضی میں پرائمری کلاسز کیلئے میٹرک پاس ،مڈل کلاسز کیلئے ایف اے پاس اور ہائی کلاسز کیلئے گریجویٹ اساتذہ کو تعینات کیا جاتا تھا ،یوں پی ایس ٹی کا سکیل 9،ای ایس ٹی کا سکیل 14جبکہ ایس ایس ٹی کا سکیل 16تھا۔اب چونکہ پنجاب میں سال 2000 ء کے بعد سے اساتذہ کی تعیناتی کیلئے کم ازکم تعلیمی قابلیت گریجویشن کر دی گئی ہے چنانچہ ضروری ہے کہ اعلیٰ تعلیمی قابلیت کی وجہ سے پی ایس ٹی کو سکیل 14،ای ایس ٹی کو سکیل 16اور ایس ایس ٹی کو سکیل 17دیا جائے کیونکہ وفاق اور خیبر پختوانخواہ صوبے میں ایسا کیا جا چکا ہے،احسان الہٰی شاکر نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ پنجاب حکومت اساتذہ کے سکیل کی اپ گریڈیشن کا جلد سے جلد اعلان کر کے تعلیمی ترقی اور بہتری کیلئے اہم قدم اٹھائے گی۔
The post سکیل اپ گریڈ ہونے پر کلرک بھائیوں کو مبارکباد،احسان شاکر appeared first on جہلم جیو.