جہلم( چوہدری عابد محمود +عامر شبیر کیانی)ریونیو ریکارڈ کی حفاظت میں ناکامی ، سی سی ٹی وی کیمروں کی عدم تنصیب ، پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں 3 ہزار سے زائد مینوئل پٹوار خانوں میں موجوداربوں روپے کی جائیدادوں کا ریکارڈ غیر محفوظ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ مال کے اعلیٰ افسران کی عدم توجہ کے باعث صوبے بھر میں موجود 3 ہزار سے زائد مینوئل پٹوار خانہ جات سے جلد، انتقالات ،پرت سرکار ، روزنامچہ ، مثاویاں ، عکس، شجرہ جات سمیت اہم اور بنیادی پٹوار خانہ جات کا ریکارڈ غائب، چوری ڈکیتی کے متعدد واقعات رونما ہونے کے بعد بھی محکمہ ریونیو میں بھی ریکارڈ کی سیکورٹی کا کوئی مربوط سسٹم وضع نہ کیا جا سکا جس کے سبب جہلم سمیت صوبے بھر میں ریونیو ریکارڈ کی حفاظت پر شہریوں کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے تو دوسری جانب ضلع جہلم میں کروڑوں روپے کے فراڈ کرنے کی بنیاد رکھتے ہوئے پٹواریوں اور لینڈ مافیا نے باقاعدہ ایک سازش کے تحت اربن پٹوار سرکلوں کا اہم ریونیو ریکارڈ بھی آگے پیچھے کر رکھا ہے ۔ محکمہ مال کے اعلیٰ افسران کی عدم توجہی کے باعث جلد ،انتقالات ، پرت سرکار ، رونامچہ جات،مثاویان، عکس تتمہ جات سمیت اہم اور بنیادی پٹوار خانہ جات کا ریکارڈ غائب ہونے اور چوری کئے جانے کے واقعات بھی اکثر اوقات سامنے آتے رہے ، درجنوں اربن پٹوار سرکل اس وقت بغیر سی سی ٹی وی اور سیکورٹی انتظامات کے صرف اللہ کے سہارے چل رہے ہیں، اور ریونیور ریکارڈ کی سیفٹی کے حوالے سے بھی تاحال کوئی اقدمات نہیں کئے گئے۔جس کی وجہ سے شہریوں کی بڑی تعداد کی قیمتی جائدادیں غیر محفوظ تصور کی جاتی ہیں۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ مینول پٹوار خانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں، اربن اور رورل علاقوں میں موجود پٹوار خانوں کو آن لائن سسٹم کے ساتھ منسلک کیا جائے تاکہ شہریوں کی اراضی کا مینول ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہونے سے محفوظ ہو سکے۔
The post ریونیو ریکارڈ کی حفاظت میں ناکامی appeared first on جہلم جیو.