جہلم(جہلم جیو)ڈومیلی گرلز ہائر سیکنڈری سکول میں انسداد ڈینگی سپرے سے متاثرہ طالبات کو بہترین طبی سہولیات مہیا کی گئیں ہیں۔ زیادہ تر طالبات ہسپتالوں سے اپنے گھروں کو جا چکی ہیں۔ ڈی ایچ کیو جہلم اور رورل ہیلتھ سینٹر ڈومیلی میں جدید طبی سہولیات، آکسیجن سلنڈرز اور ادویات کی وافر مقدار موجود ہے۔ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی کوئی کمی نہیں۔ طالبات کے لواحقین نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مہیا کی گئی سہولیات پر اطمنان کا اظہار کیا ہے اور ان کی طرف سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ان خیالات کا اظہار ای ڈی او ہیلتھ جہلم، ایم ایس ڈی ایچ کیو جہلم ڈاکٹر شوکت محمود، اسسٹنٹ کمشنرجہلم ڈاکٹر آفاق وزیر، اور میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر فواد مجید نے ڈی ایچ کیو جہلم میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا ۔ای ڈی او ہیلتھ جہلم نے کہا کہ طالبات کے بے ہوش ہونے کی ذمہ دارسکول کی پرنسپل ہیں جنہوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا ہے کہ سکول میں سپرے محکمہ ہیلتھ کی اجازت کے بغیر اور سپرے کے متعین طریقہ کار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو میں اس وقت 49 طالبات اور رورل ہیلیھ سنٹر ڈومیلی میں 15طالبات موجود ہیں اور صحتیاب ہونے کے بعد طالبات گھروں کو روانہ ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپرے میں انسانی صحت کیلئے نقصاندہ کیمیکل استعمال کیا گیا تھا جس سے طالبات بے ہوش ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ جہلم ڈینگی فری ہے اور ابھی تک نہ تو کہیں سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا ہے اور نہ ہی ڈینگی کا کوئی مریض رپورٹ ہوا ہے۔ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم ڈاکٹر شوکت محمود نے کہا کہ ڈی ایچ کیو مین آکسیجن کی فراہمی کا مرکزی نظام موجود ہے، آکسیجن کے سلنڈر وافر مقدار میں موجود ہیں، اور ڈاکٹرز اور میڈیکل سپیشلسٹس کی کوئی کمی نہیں، جس کی وجہ سے طالبات کو تمام طبی سہولیات بر وقت مہیا کرنا ممکن ہو سکا، اور کوئی جانی نقصان نہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ بعض طالبات کو 24گھنٹوں کیلئے نگرانی میں رکھا گیا ہے اور مکمل صحتیابی کے بعد ان کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا، تاہم تمام متاثرہ بچیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔اسسٹنٹ کمشنر جہلم ڈاکٹر آفاق وزیر نے کہا کہ ڈی ایچ کیو جہلم میں ایک انفارمیشن ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے جہاں انتظامیہ کا ایک آفیسر 24 گھنٹے موجود رہے گا تاکہ میڈیا کے نمائندوں اور متاثرہ طالبات کو معلومات فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو جہلم میں مثالی طبی سہولیات موجود ہیں،جس کی وجہ سے تمام طالبات محفوظ رہیں۔ انہوں نے کہا تمام طالبات اور انکے لواحقین کو کھانا بھی مہیا کیا جا رہا ہے اور لواحقین کی طرف سے بھی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
The post ڈینگی سپرے سے متاثرہ طالبات کو بہترین طبی سہولیات مہیا کی گئیں ہیں،ڈاکٹر شوکت محمود appeared first on جہلم جیو.