جہلم( چوہدری عابد محمود +سید مستفیض اقبال بخاری) جہلم کے علاقہ کنڈ میں بلدیاتی انتخاب جیتنے کا جشن ۔ چیئرمین بننے کی خوشی میں علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا ، علاقہ مکین اندھا دھند فائرنگ سے خوف زدہ ہو کر گھروں میں چھپ گئے ۔مقامی افراد کا ڈی پی او جہلم سے کارروائی کرنے کامطالبہ ۔ تفصیلات کیمطابق جہلم کے علاقہ کنڈ کے رہائشی درجنوں افراد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بلدیاتی انتخاب یونین کونسل لدھڑ کے نتائج کا گزشتہ روز 24 نومبر کو اعلان ہونے کے بعد سینکڑوں کی تعداد میں لیگی کارکنوں نے جیت کی خوشی میں بہت بڑی ریلی نکالی ، کارکن بھنگڑے ڈالتے ریلی کو نواحی قصبہ کنڈ میں لے گئے جہاں جیت کی خوشی میں جشن مناتے ہوئے ، مخالفین کو حراساں کرنے کے لئے ریلی میں موجود درجنوں افراد نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جسکی وجہ سے گھروں میں موجود چھوٹے چھوٹے معصوم بچے ، بزرگ، خواتین، گولیوں کی تڑ تڑاہٹ کے خوف کیوجہ سے گھروں میں سہم گئے، اس دوران ریلی کے شرکاء بیہودہ نعرے ، ہلڑ بازی ،ہوائی فائرنگ کرتے رہے جسکی بروقت اطلاع تھانہ منگلا میں دی لیکن 48 گھنٹے کا وقت گزرجانے کے باوجود مقامی پولیس کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کر سکی حالانکہ ڈی سی او جہلم نے ضلع جہلم میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر ہر قسم کی ہلڑ بازی ، ہوائی فائرنگ، الیکشن جیتنے کا جشن اور ریلیاں نکالنے پر سخت پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن بااثر افراد کے سامنے قانون بے بس دکھائی دیا۔ بااثر افراد قانون سے کھیلنا اپنا مشغلہ سمجھتے ہیں۔ مقامی افراد نے ڈی پی او جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلی نکالنے اور فائرنگ کے واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے،تاکہ پرا من شہریوں کے لئے پر امن ماحول برقرار رہے۔
The post جہلم کے علاقہ کنڈ میں بلدیاتی انتخاب جیتنے کا جشن appeared first on جہلم جیو.