Quantcast
Channel: JhelumGeo.com
Viewing all articles
Browse latest Browse all 5119

خوشگوار یادوں کا خزانہ لیے ویوین رچرڈز کی واپسی

$
0
0

لاہور: کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے مینٹور سر ویوین رچرڈز خوشگوار یادوں کا خزانہ لیے دبئی روانہ ہو گئے.
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی فاتح پشاور زلمی ٹیم کے غیر ملکی کھلاڑی ڈیوڈ میلان،کرس جارڈن، مارلون سموئلزاور انعام الحق پہلے ہی پاکستان سے روانہ ہو گئے تھے، گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سر ویون رچرڈز کو بھی سخت سیکیورٹی حصار میں لاہور ایئرپورٹ پہنچایا گیا جہاں سے وہ دبئی روانہ ہوگئے، دوسری جانب اسی پرواز سے فائنل کی کوریج کرنے والا غیر ملکی ٹی وی پروڈکشن اسٹاف بھی رخصت ہوگیا۔
یاد رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں کیون پیٹرسن، لیوک رائٹ، ٹیمل ملز اور رلی روسو نے لاہور آنے سے انکار کردیا تھا، عین موقع پر متبادل پلیئرز مورنے وین ویک، ریاد ایمرت، شون ایرون اور انعام الحق کو شامل کرلیا گیا لیکن ٹیم کی کارکردگی بُری طرح متاثر ہوئی۔
لاہور میں ویون رچرڈز نے مقامی کلب میں گالف بھی کھیلی، بعدازاں ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل کیے جانیوالے نئے کھلاڑیوں کو اسکواڈ کے ساتھ پریکٹس اور وقت گزارنے کا موقع نہیں ملا، اس لیے مینجمنٹ کو فائنل کیلیے درست کمبی نیشن بنانے میں مشکلات ہوئیں، اہم بات یہ ہے کہ میچ کا انعقاد پُرامن ماحول میں کامیابی کے ساتھ ہوا، پی ایس ایل کے آغاز میں سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے حوالے سے سابق ویسٹ انڈین کرکٹر نے کہا کہ میچ فکسنگ قابل قبول نہیں، ہمارے وقتوں میں کرکٹ کو ’’جنٹلمین گیم‘‘ سمجھا جاتا تھا لیکن کھیل میں بہت زیادہ پیسہ آنے سے ترجیحات بدل گئی ہیں۔

The post خوشگوار یادوں کا خزانہ لیے ویوین رچرڈز کی واپسی appeared first on JhelumGeo.com.


Viewing all articles
Browse latest Browse all 5119

Trending Articles