جہلم(محمدشہباز بٹ)’بلدیاتی الیکشن ‘،ایم این ایز کا مشترکہ فیصلہ نظر انداز، وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی مداخلت پر مسلم لیگ (ن )کا امیدوار تبدیل،پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع جہلم میں اختلافات بڑھنے لگے،متعدد چیئرمین یونین کونسلز کا فیصلہ ماننے سے انکار،آزاد امیدوار کی حیثیت سے متفقہ امیدوار میدان میں اتارنے کیلئے صلاح مشورے شروع۔ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن)کی قیادت نے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی مداخلت پر ضلع کونسل جہلم کیلئے امیدوار تبدیل کر کے مسلم لیگ (ن) ضلع جہلم کے جنرل سیکرٹری حافظ اعجاز جنجوعہ کو ٹکٹ جاری کر دیا ہے،قبل ازیں حلقہ این اے 62سے مسلم لیگ (ن)کے ایم این اے چوہدری خادم حسین کے فرزند سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم اور حلقہ این اے 63سے ایم این اے نوابزادہ راجہ مطلوب مہدی نے ون ٹو ون میٹنگ کے بعد یہ فیصلہ کیا تھا کہ قومی اسمبلی کے دونوں حلقوں کو ضلع کونسل کی چیئرمینی دو دو سال کیلئے تقسیم کی جائیگی،چوہدری ندیم خادم کی طرف سے راجہ احمد شوکت جبکہ نوابزادہ مطلوب مہدی کی طرف سے راجہ قاسم علی خان کو امیدوار نامزد کیا گیا،پہلے دو سال کیلئے راجہ قاسم علی خان کو چیئرمین جبکہ ان کے ساتھ ڈاکٹر بشیر احمد چوہدری کو وائس چیئرمین نامزد کیا گیا ،وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی بیرون ملک مصروفیات کے باعث ضلع کونسل جہلم کا ٹکٹ رو ک دیا گیا،اسحاق ڈار کی وطن واپسی کے بعد جہلم کے ایم این ایز اور ضلعی عہدیداران کو اسلام آباد طلب کر کے اپنے اپنے امیدوار بٹھانے اور پارٹی پالیسی پر عمل درآمد کرنے کیلئے کہا گیا جبکہ ضلع کونسل کی چیئرمین کا ٹکٹ باضابطہ طور پر حافظ اعجاز جنجوعہ اور وائس چیئرمین کا ٹکٹ چوہدری سہیل ظفر کو دے دیا گیا ہے،ذرائع نے بتایا ہے کہ ضلع کونسل کی چیئرمینی کے امیدوار راجہ قاسم علی خان ،راجہ احمد شوکت اور چوہدری سعید اقبال بوکن سمیت متعدد ممبران ضلع کونسل نے قیادت کے فیصلے کو ماننے سے انکار کر دیا ہے اور متفقہ امیدوار سیاسی اکھاڑے میں اتارنے کیلئے صلاح مشورے شروع کر دیئے ہیں،ٹکٹ کی تبدیلی سے مسلم لیگ ن ضلع جہلم میں اختلافات ایک دفعہ پھر شدت اختیار کر گئے ہیں،یاد رہے کہ حافظ اعجاز جنجوعہ کو مسلم لیگ (ن )جہلم کے ایک گروپ نے ڈیڑھ سال قبل ضلع کونسل کی چیئرمینی کا امیدوار نامزدکیا تھا،جس کے بعد ان کو ممبر کسان کونسل کی مخصوص نشست پر منتخب کروایا گیا،ٹکٹ سے قبل مسلم لیگ (ن )کی طرف سے ضلع کونسل کی چیئرمینی کے آٹھ امیدوار تھے اور ہر امیدوار یہی کہتا تھا پارٹی نے جو فیصلہ کیا قبول ہوگا اور جب پارٹی نے فیصلہ کر دیا ہے کوئی قبول کرنے کو تیار نہیں۔
The post وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی مداخلت پر مسلم لیگ (ن )کا امیدوار تبدیل appeared first on JhelumGeo.com.