راولپنڈی(جہلم جیو۔ڈاٹ کام)آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس حسب روایت 6نومبر کو ’’یوم شہداجموں ‘‘ عقیدت و احترام سے منائے گی اور ہفتہ بھر قران خوانی ،اور تقریبات کا اہتمام کر کے شہدا کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ یہاں پارٹی سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ قیام پاکستان کے فوری بعد نومبر 1947کے پہلے ہفتے میں ہی جموں اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں ڈوگرہ فوج اور ہندوستانی سنگ پارٹی کے مسلح لوگوں نے مسلمانوں پر مظالم ڈھانے شروع کر دئیے تھے اور پانچ نومبر 1947کو ظلم و بربریت اپنے عروج پر پہنچ چکی تھی ، جموں کے مسلمانوں کو پولیس لائن میں اکھٹا کر کے اعلان کیا گیا کہ انہیں پاکستان لے جایا جا رہا ہے ۔شہر کے سارے راستے اور ناکے بند کر کیاعلان کیا گیا کہ جو پاکسان جانے کے خواہشمند ہیں وہ بسوں پر سوار ہو جائیں، انہوں نے کہا کہ6نومبر1947کو مسلمانوں کے ان قافلوں کو پاکستان کی بجائے ماوا کے جنگلوں کی طرف موڑ دیا گیا ۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ ماوا کے جنگلوں میں پھیلے ہوئے بھارتی اور ڈوگرہ فوجی اور سنگ پارٹی کے مسلح درندے وحشیوں کی طرح اس قافلہ پر ٹوٹ پڑے کسی تمیز کے بغیر انہوں نے مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا ،ان مسلمانوں کا قصور یہ تھا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مل کر رہنا چاہتے تھے۔اس قتل عام میں سینکڑوں خاندان ایسے بھی تھے جن کا کوئی ایک فرد بھی زندہ نہ بچ سکا۔کئی ایسے خاندان تھے جن صرف ایک یا دو فرد زندہ بچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سروے کے مطابق اس ہفتہ بھر کے دوران شہد ہونے والوں کی تعداد اڑھائی لاکھ سے اوپر تھی ۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ ہندوستان کی موودی حکومت نے جو پالیسیاں آج اپنا رکھی ہیں ان کا آغازبھی قتل عام سے ہوا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں نے نومبر ۹۴۷اء میں دو قومی نظریے کے تحت ’’ پاکستانیت ‘‘ کا جو عملی مظاہرہ کیا وہ پوری امت مسلمہ کے لئے ایک مثال اور اہلیان پاکستان کے لئے مشعل راہ ہے جس کی روشنی میں پاکستان کی عظمت کو پہچاننے کی ضرورت آج کس قدر ہے ہر محب وطن اس کا اندازہ کر سکتا ہے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ جس پاکستان کے لئے جموں و کشمیر کے مسلمانوں نے تاریخ میں قربانیوں کی اتنی بڑی مثال پیش کی کہ سننے والوں کے دل دہل جاتے ہیں اس پاکستان کو آج بے شمار خطرات کا سامنا ہے ۔جموں وکشمیر کے مسلمانوں کی ان بے شمار قربانیوں کی مشعل راہ بناکر ہی پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کو مضبوط کیا جا سکتا ہے، پاکستان کو استحکام دیا جا سکتا ہے اور پاکستان کے عوام میں ’’ پاکستانیت‘‘ کا جذبہ اجاگر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے آزادکشمیر ، پاکستان میں مقیم مہاجرین جموں و کشمیرگلگت و بلتستان، اور دنیا کے تمام ممالک میں مسلم کانفرنس کے عہدے داروں اور کارکنان سے کہا کہ وہ 6نومبر کو قران خوانی ، اور تقریبات کا اہتمام کریں اور ان میں مقامی مسائل اور سیاست پر بات کرنے کی بجائے اپنی گفتگو اور تقاریر کو صرف ’’عظیم شہد اء جموں‘‘ کو خراج عقیدت پیش کرنے تک محدود رکھا جائے اور اس عہد کی تجدید کی جائے کہ جن عظیم مقاصد کیلئے جموں کے لاکھوں مسلمانوں نے قربانی دی اُن کے حصول تک جدو جہد جاری رکھی جائے گی۔
The post مسلم کانفرنس حسب روایت 6نومبر کو ’’یوم شہداجموں ‘‘ عقیدت و احترام سے منائے گی،سردار عتیق احمد خان appeared first on جہلم جیو.