جہلم(بیورورپورٹ) جہلم شہر و گردونواح میں مضر صحت قلفیاں و آئس کریم کی فروخت عروج پر ، متعدد بچے مختلف بیماریوں میں مبتلا،والدین میں تشویش کی لہر ، انتظامیہ نے خاموشی اختیار کر لی،شہریوں کا ڈی سی او جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ ، تفصیلات کے مطابق جہلم شہر و گردونواح میں کھلے عام ناقص و غیر معیاری قلفیاں و آئس کریم کی فروخت کی جارہی، والدین نے آئس کریم اور کلفیوں پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ یہ آئس کریم اور کلفیاں مختلف کیمیکلز سے تیار کی جاتی ہیں جس کے استعمال سے بچے مختلف امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر و دیہات میں ریڑھیوں ، سائیکلوں اور موٹر سائیکلوں پر آئس کریم کی کھلے عام فروخت کی جارہی ہے جسے بچے بلا جھجک استعمال کرتے ہیں تاہم والدین کے مطابق اس آئس کریم کو بنانے میں مضر صحت کیمیکل اور گندے پانی کا استعمال کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے یہ آئس کریم اور کلفیاں مضر صحت اور غیر معیاری بن چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دور درازعلاقوں میں سے آئے ہوئے بین الاضلاعی باشندے سائیکلوں، موٹر سائیکلوں ، چنگ چی رکشوں پر جہلم شہر و گردونواح میں یہ غیر معیاری آئس کریم فروخت کررہے ہیں جسے نا فہم بچے خرید کر استعمال کرتے ہیں تاہم والدین کے بقول نا قص میٹریل سے تیار کی گئی ایسی کلفیاں اور آئس کریم کھاتے ہی بچے ذکام ، چھاتی کے درد اور کھانسی کی بیماری میں مبتلا ہوجاتے ہیں جسے بعد میں کنٹرول کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ اس غیرمعیاری آئس کریم و کلفی کی دیکھ ریکھ اور جانچ پڑتال کرنے کیلئے کوئی بھی محکمہ ذمہ داری نبھانے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہا میونسپل حکام اور متعلقہ فوڈ انسپکٹر بھی اس غیرمعیاری آئس کریم کے کارروبار کوکنٹرول کرنے میں خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں جس کیوجہ سے بچوں میں موذی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ والدین کے علاوہ ، سماجی ، مذہبی، رفاعی ، فلاحی،تنظیموں کے عمائدین نے ڈی سی او جہلم سے اپیل کی ہے کہ آئس کریم کی جانچ پڑتال کرکے معیاری آئس کریم کے کاروبار کو یقینی بنایا جائے جبکہ ناقص و غیر معیاری آئس کریم اور قلفیاں فروخت کرنے والے موت کے سوداگروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ننھے معصوم بچوں کی زندگیوں کو بیماریوں سے محفوظ بنایا جاسکے۔
The post جہلم شہر و گردونواح میں مضر صحت قلفیاں و آئس کریم کی فروخت عروج پر appeared first on جہلم جیو.