جہلم( میاں محمد ساجد،محمد ریاض گوندل) جہلم شہر اور اس کے مضافات میں مردہ جانوروں کے گوشت کی خرید و فروخت کا مکروہ کارروبار طول پکڑ گیا، تکہ سنٹروں سمیت مختلف ہوٹلوں میں مردہ جانوروں کے گوشت کی سپلائی کا انکشاف۔ محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے ضلع جہلم میں درجنوں سے زائد جگہوں پر تکہ سینٹروں ، ریستورانوں میں انتہائی مضر صحت ، مصنوعی ذائقوں اور مردہ جانورں کے گوشت کے استعمال سے سینکڑوں شہری مہلک امراض میں مبتلا ہونے لگے۔ متعدد مٹھائی فروش ، فاسٹ فوڈ اور بیکری والے کھانے پینے کی اشیاء بناتے وقت بڑی مقدار میں گندے انڈے ، سکرین ، 2 نمبر گھی،کوکنگ آئل اور دیگر خطرناک کیمیکل کے اجزاء شامل کر کے انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں جبکہ بعض ہوٹلوں ،اور ریستوران کے مالکان ’’نوٹ کماؤ‘‘ پالیسوں کے تحت مردہ مرغیوں کواور دیگر بیمار، نیم مردہ جانوروں کا گوشت انتہائی سستے داموں خرید کر استعمال کرتے ہیں جو کہ نہ صرف فوڈ پوائزنگ کا سبب بنتے ہیں بلکہ کسی بھی انسان کی جان لینے میں بھی تاخیر نہیں کرتے ۔ مردہ جانوروں کے گوشت کے استعمال سے شہری تیزی سے گردے ، مثانے ، جگر، معدہ، سانس ، گلے کی نالی، ہیپاٹائٹس سی ، شوگر اور بلڈ پریشر جیسے موذی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں مگر ضلعی انتظامیہ ،فوڈ انسپکٹر ،محکمہ صحت کے بااختیار افسران نے مکمل چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے اور انکے مبینہ گٹھ جوڑ اور بھتہ خوری کی بدولت انسانی صحتوں کے دشمن دن دیہاڑے انسانی زندگیوں سے گھناؤنہ کھیل رہے ہیں۔ شہریوں نے کمشنر راولپنڈی ، ڈی سی او جہلم سے مطالبہ کیا ہے ،کہ جہلم شہر و گردونواح میں موجود ہوٹلوں ، ریستورانوں سمیت دیگرمقامات پر کھانوں کے نام پرزہر فروخت کرنے والے اور انکی پشت پناہی کرنے والے افسران و ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
The post جہلم شہر میں مردہ جانوروں کے گوشت کی خرید و فروخت کا مکروہ کارروبار طول پکڑ گیا appeared first on جہلم جیو.