بچھڑا کچھ اس اداسے کہ رُت ہی بدل گئی اِک شخص سارے شہرکو ویران کر گیا
ڈاکٹر مظہر اقبال مشر سے دیرینہ تعلق تھا ، میدان صحافت میں ان کے ساتھ ایک عرصہ تک کام کرنے کا موقع ملا ،مرحوم شریف الطبع اور مخلص انسان تھے ، مرحوم کے ساتھ پریس کلب رجسٹرڈمیں بطور جنرل سیکرٹری ، نائب صدر ، چیئرمین ، فنانس سیکرٹری کی حیثیت سے ان کے ساتھ کام کیا ،جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے ڈاکٹر مظہر اقبال مشر نے سن 2000کے قریب میدان صحافت میں قدم رکھا ، صحافت کا شوق کافی عرصہ سے تھا ،اور مرحوم اپنا یہ شوق اپنی ہومیو پیتھک سوسائٹی کے حوالے سے مشر نیوز شائع کر کے پورا کرتے رہے ، جس کی اشاعت قبل ازیں صرف ہومیو پیتھک سوسائٹی کے اراکین تک ہی محدود تھی ، لیکن بعد ازاں انہوں نے باقاعدہ ڈیکلریشن حاصل کرکے اسے ایک ہفتہ وار اخبارکی شکل میں شائع کیا،
ڈاکٹر مظہر اقبال مشر کا شمار ایک مختصر عرصہ میں کہنہ مشق صحافیوں میں ہونے لگا تھا ، خبر کی باریکیوں سے بخوبی واقف تھے ، تمام طبقات کومساوی کوریج دینے کے حامی تھے ، راقم کا ان سے دوستی کا رشتہ کافی عرصہ سے تھا جسے مرحوم نے آخری دم تک نبھایا ، مرحوم کی وفات سے دو دن قبل اپنی بیٹی کی دوا کیلئے ان سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا گھر آ جائیں ، حالانکہ وہ اس وقت ریسٹ کر رہے تھے لیکن میرے جانے پر اٹھ کر بیٹھ گئے اور کافی دیر بات چیت کا سلسلہ جاری رہا ، اس کے بعد میرے ساتھ جا کر کلینک سے دوا تیار کر کے دی ،
انہیں رمضان المبارک میں دل کا عارضہ لاحق ہوا تھا لیکن آخر ی ملاقات میں انکی صحت بہت بہتر نظر آ رہی تھی ، میری بدقسمتی رہی کے میں ان کی وفات کے دنوں میں جہلم شہر میں موجود نہ تھا اور اپنے گاؤں گیا ہوا تھا جہاں موجودہ دور کی سہولیات موبائل اور انٹرنیٹ کافی محدود ہیں ، اسی وجہ سے ان کی رحلت کی اطلاع بروقت نہ مل سکی اور نہ ہی میں انکی آخری رسومات میں شامل ہوسکا جس کا دکھ ہمیشہ رہے گا ،
مرحوم کی رسم قل مورخہ 14اگست کو صبح دس بجے ان کی رہائش گاہ پر اداکی گئی جس میں صحافی بھائیوں کی بڑی تعداد کے ساتھ ان کے اعزاو اقربا اور دوست احباب نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، مرحوم کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء مدتوں پر نہ ہو سکے گا ۔
The post ڈاکٹر مظہر اقبال مشرکی یاد میں،،تحریر : مشرف جنجوعہ appeared first on جہلم جیو.