Quantcast
Channel: JhelumGeo.com
Viewing all articles
Browse latest Browse all 5119

لگے رہو مصباح لگے رہو یونس ؛ ’’جانے کی باتیں جانے دو‘‘ بورڈ چیف کا پیغام

$
0
0

لاہور: چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے مصباح الحق اور یونس خان کو ریٹائرمنٹ کا خیال دل سے نکال پھینکنے کی ہدایت کردی.

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے اوول میں پاکستان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ میں اچھی کارکردگی پیش کرنے والی ٹیسٹ ٹیم کو انعام دینے کا فیصلہ جلد کرلیا جائیگا،حفیظ کی پرفارمنس پر تشویش ہے،ابھی بائیو مکینک ٹیسٹ کیلیے بھی تیار نہیں ہیں،ون ڈے میچز میں بطور بیٹسمین ہی کھیلیں گے، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے کوشاں ہیں،آئرلینڈ اور افغانستان آنے کیلیے تیار ہیں، بھارت کی میزبانی کا موقع ملنے کی امید نہیں،ہوسکتا ہے کہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کو آمادہ کرلیں، پی ایس ایل کا فائنل ملک میں ہونے سے اچھی پیش رفت ہوگی، ڈومیسٹک سرکٹ میں ڈپارٹمنٹس اور ایسوسی ایشنز کو الگ کرنے کی تجویز پر کرکٹ کمیٹی غور کریگی۔

ٹیسٹ میچز ہی اصل کرکٹ اور اس فارمیٹ میں کارکردگی سب سے اہم ہے، ٹیم نے قوم کو یوم آزادی کا تحفہ دیا،ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ 2010میں سامنے آنیوالے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد اس طرح کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ مثبت جواب ہے، ایک اہم دن پر فتح سے ٹیم اور قوم دونوں کا مورال بلند ہوا،ایک سوال پر بورڈ کے سربراہ نے کہا کہ مصباح الحق اور یونس خان اہم کرکٹرز اور پاکستانی بیٹنگ کے بڑے ستون ہیں، سینئر بیٹسمین اوول میں مین آف دی میچ تو کپتان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے،دونوں پاکستان کے سب سے زیادہ فٹ کرکٹرز اور ملک کیلیے پرفارم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کیخلاف مشکل سیریز میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی سخت ضرورت ہوگی۔

شہریارخان کا کہنا تھا کہ یونس اور مصباح ریٹائر منٹ کا خیال دل سے نکال پھینکیں، بیٹسمین فٹ ہو تو عمر معنی نہیں رکھتی، جیک ہابس نے 40سال کے عمر کے بعد بھی کئی سنچریاں بنائیں۔  انگلینڈ میں اچھی کارکردگی پیش کرنے والی ٹیسٹ ٹیم کو انعام ضرور ملے گا،اس کا فیصلہ بہت جلد کرلوں گا،ایک سوال پر انھوں نے کہاکہ محمد حفیظ کی پرفارمنس پر تشویش ہے،اسی لیے ان کو چوتھے ٹیسٹ سے ڈراپ بھی کردیا گیا تھا، مجھے بتایا گیاکہ ان کا بائیو مکینک ٹیسٹ اوول میں میچ کے بعد ہوجائے گا لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ وہ ابھی اس کیلیے تیار نہیں ہیں، بولنگ ایکشن کی اصلاح کیلیے ان کو وقت درکار ہے، حفیظ ون ڈے میچز میں بطور بیٹسمین ہی کھیلیں گے۔ چیئرمین نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے کوشاں ہیں،آئی سی سی اور اے سی سی اجلاس میں بھی بات کروں گا، آئرلینڈ، افغانستان اور کچھ ایسوسی ایٹ ٹیمیں پاکستان آنے کیلیے تیار ہیں۔

البتہ سیکیورٹی صورتحال اور دیگر مسائل کی وجہ سے فی الحال بھارت کی میزبانی کا موقع ملنے کی توقع نہیں کی جا سکتی، ہوسکتا ہے کہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کو سیریز کھیلنے کیلیے آمادہ کرلیں، پی ایس ایل کا فائنل پاکستان میں کرانے کی کوشش کررہے ہیں، کامیاب انعقاد سے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے معاملے میں بھی اچھی پیش رفت ہوگی، بورڈ کے سربراہ نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈپارٹمنٹس اور ایسوسی ایشنز کو الگ کرنے کی تجویز ملی ہے،اس معاملے میں نو تشکیل شدہ کرکٹ کمیٹی غور کریگی، ہم ملکی کرکٹ کو بہتری کی راہ پر گامزن کرنے کیلیے ہرممکن اقدامات اٹھائیں گے،ٹیسٹ کی طرح ون ڈے اور ٹوئنٹی 20میں بھی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلیے کوشاں ہیں۔

The post لگے رہو مصباح لگے رہو یونس ؛ ’’جانے کی باتیں جانے دو‘‘ بورڈ چیف کا پیغام appeared first on جہلم جیو.


Viewing all articles
Browse latest Browse all 5119

Trending Articles