جہلم( جہلم جیو۔ڈاٹ کام)ضلع جہلم کی تمام اساتذہ تنظیموں نے مشترکہ طور پر حکومت پنجاب کی سرکاری سکولوں کی نجکاری اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے قیام کو تعلیم دشمن پالیسیاں قرار دے دیا۔اس کے علاوہ انھوں نے وفاق کی طرز پر پنجاب کے اساتذہ کے سکیل اپ گریڈیشن کا مطالبہ بھی کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب ایجوکیٹرز ایسو سی ایشن جہلم، پنجاب ٹیچرز یونین جہلم،ایس ای ایس جہلم، انگلش ٹیچرز ایسو سی ایشن جہلم، تنظیم اساتذہ جہلم، انجمن اساتذہ جہلم اور کمپیوٹر ٹیچرز ایسو سی ایشن جہلم نے ایک مشترکہ احتجاجی جلسے میں یہ اعلان کیا کہ حکومت پنجاب کی سرکاری سکولوں کو پرائیویٹائیز کرنے اور تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے قیام کی پالیسیاں تعلیم دشمن پالیسیا ں ہیں۔ان سے پنجاب میں تعلیم کا مستقبل تاریک ہو جائے گااور غریب گھرانے کے بچوں کے لیے تعلیم کے دروازے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بند ہو جائیں گے کیونکہ تعلیم بہت مہنگی ہوجائے گی۔احتجاجی جلسے میں ضلع بھر سے مردو خواتین اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔پنجاب ایجوکیٹرز ایسو سی ایشن جہلم کے ضلعی جنرل سیکرٹری احسان الٰہی شاکر نے نظامت کے فرائض سرانجام دیئے ۔حافظ محمد عزیز نے تلاوت قرآن پاک اور محمد اشرف صدیقی نے نعت رسول مقبولﷺ سے آغاز کیا۔ امجد فاروق گوندل ،مسرت شاہ ،چودھری راشد محمود،محمد اشفاق حیدر،میڈم مبین عارف، سید اعجاز شاہ بخاری،چودھری محمد یعقوب اور یاسر الیاس نے اس احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پنجاب کو ان دونوں فیصلوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے فی الفور واپس لینے کے لیے کہا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت پنجاب نے ان فیصلوں کو واپس نہ لیا تو ہم سکولوں میں تدریسی بائیکاٹ کے ساتھ ساتھ فروری میں شروع ہونے والے پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے پنجم اور ہشتم کے امتحانات کا بھی بائیکاٹ کریں گے۔
The post پنجاب ایجوکیٹرز ایسو سی ایشن جہلم ،پنجاب ٹیچرز یونین جہلم ودیگر کا مشترکہ احتجاج appeared first on جہلم جیو.