جہلم( چوہدری عابد محمود +عامر شبیر کیانی)جہلم پولیس لائن میں کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں کھلے آسمان تلے پڑے پڑے تباہ ہو گئیں۔زنگ آلود گاڑیوں کے سپیئر پارٹس بھی چوری کر لئے گئے ، لاوارث گاڑیوں کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ پولیس نے مختلف مقدمات ڈکیتی ، چوری کے مقدمات میں گرفتار ہونے والے سینکڑوں ملزمان سے دوران تفتیش برآمد ہونے والی سینکڑوں کی تعداد میں یہ گاڑیاں ضلع جہلم کے مختلف تھانوں کی پولیس نے پولیس لائن میں جمع کروا رکھیں ہیں جو پولیس لائن کے احاطہ میں نیلامی کی منتظر ہیں ۔لیکن کئی سال گزرجانے کے باوجود نہ تو نیلامی کی جا سکی اور نہ ہی ان کی مناسب دیکھ بھال ہو سکی ۔ تھانوں میں برآمد کی جانے والی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں جن کے پرزہ جات ملازمین من پسند افراد کو اتار کر دے دیتے ہیں ۔ اور کباڑ رہ جانے والی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں پولیس لائن بجھوا دی جاتی ہیں جہاں ایک مرتبہ پھر ان کا ریمانڈ لیکر اپنے عزیز و اقارب ، دوست احباب کو ضرورت کی اشیاء اتار کر حوالے کر دی جاتی ہیں جسکی وجہ سے لاکھوں روپے مالیتی گاڑیاں کھوکھوں کی شکل اختیار کر لیتی ہیں۔ مزید ستم ظریفی یہ کی جاتی ہے کہ ایسی تمام موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو کھلے آسمان کے نیچے پھینک دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے اچھی خاصی گاڑیاں زنگ آلودہ ہو کر ناکارہ ہو جاتی ہیں ۔ گزشتہ کئی سالوں سے انکی نیلامی بھی نہیں کی گئی جس کے باعث شہریوں کے ساتھ ساتھ حکومتی خزانے کو بھی نقصان پہنچ رہاہے ۔ پولیس کی ناقص حکمت عملی اور نااہلی کے باعث شہری اپنی چوری ہونے والی گاڑیوں کے حصول کے لئے تھانوں کے چکر کاٹ کاٹ کر تھک جاتے ہیں ان گاڑیوں کے ساتھ خراب حالت میں کھڑی پولیس کی بسیں اور گاڑیاں بھی تباہ حالت میں پولیس لائن میں کھڑی ہیں ۔شہریوں نے معاملہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
The post جہلم پولیس لائن میں کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں کھلے آسمان تلے تباہ appeared first on جہلم جیو.