دبئی سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) خوبانی ایک مزیدار پھل ہے، جس کی گری بھی کچھ کم مزیدار نہیں۔ بعض لوگ تو اس کے بہت ہی شوقین ہوتے ہیں۔ خوبانی کی گری کے متعلق حال ہی میں سوشل میڈیا پر یہ بات بھی خوب گردش کرتی رہی کہ اسے کھانا صحت کے لئے بہت مفید ہے کیونکہ اس میں پائے جانے والے مادے کئی اقسام کے کینسر سے محفوظ رکھ سکتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہے۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق دبئی میونسپلٹی نے ان افواہوں کا نوٹس لیتے ہوئے گزشتہ روز ایک وضاحت جاری کی، جس میں بتایا گیا ہے کہ حقیقت تو یہ ہے کہ خوبانی کی گری صحت کے لئے سنگین خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔ دبئی میونسپلٹی کی وضاحت کے مطابق خوبانی کی گری میں ’امیگدالین‘ نامی مادہ پایا جاتا ہے، جو ’گیلوکوسیڈ سایا نوجن‘ کیمیکل کی ایک قسم ہے۔ جب گری کو چبایا جاتا ہے تو یہ مادہ ہائیڈروجن سایا نائیڈ گیس کی صورت میں خارج ہوتا ہے ،جو انتہائی زہریلی ہوتی ہے، البتہ گری کو گرم کرنے سے، جیسا کہ کسی کھانے میں ڈال کر پکانے سے، اس کے زہریلے اثرات ختم ہوجاتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے برطانیہ کی فوڈ سٹینڈرڈز ایجنسی (FSA) بھی ایک وارننگ جاری کرچکی ہے جس میں عوام کو خبردار کیا گیا تھا کہ وہ خوبانی کی گری کھانے سے پرہیز کریں کیونکہ اس میں خطرناک مادے پائے جاتے ہیں۔ایف ایس اے کی وارننگ میں یہ انتہائی تشویشناک بات بھی بتائی گئی کہ تقریباً 30 گریاں بیک وقت کھالینے سے انسان کی موت بھی واقع ہوسکتی ہے، جبکہ 10 سے 15گریاں کھانے والے افراد بھی ہاتھ پاﺅں سن ہوجانے جیسی شکایات کے ساتھ ہسپتال پہنچائے جاچکے ہیں۔ تو خوبانی ضرور کھائیے لیکن اس کی گری سے پرہیز ہی اچھا۔ خصوصاً بچوں کو یہ چیز ہرگز نہ کھلائیں۔
The post وہ پھل جس کے بیج کھانے سے آپ کی جان جاسکتی ہے، حکومت نے وارننگ جاری کردی appeared first on JhelumGeo.com.