جہلم ( اصغر علی مرزا ) ضلع جہلم کے نوجوان سوشل میڈیا پر اسلحہ کی بھر پور نمائش کرنے لگے، قانون کا مذاق اڑانے اور ممنوعہ ہتھیاروں کی گھروں میں موجودگی کے باوجود پولیس خاموش تماشائی، تفصیلات کے مطابق جہلم شہر میں ناجائز اسلحہ کی بھر مار سے نوجوان نسل تباہی کی طرف جارہی ہے اور شہر میں معمولی تلخ کلامی پر قتل وغارت معمول بنتا جا رہا ہے شہر میں اسلحہ کی دوکانوں اور دیگر علاقوں سے بآسانی اسلحہ حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ جہلم کے نوجوانوں میں ممنوعہ بور کے اسلحہ کے ساتھ تصاویر بنانا اور ان کو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنا بڑا مشغلہ بن گیا ہے جس سے سوشل میڈیا استعمال کرنے والے دیگر نوجوانوں کو مرعوب کرنا اور دہشت پھیلانا مقصود ہوتا ہے ۔ غیر قانونی اسلحہ کی سوشل میڈیا پر بھر پور نمائش کرنے والوں کے خلاف ماضی میں مختلف علاقوں میں کاروائیوں کے بعد یہ سلسلہ تھم گیا تھا لیکن جہلم شہر میں آج تک ایسی غیر قانونی حرکت کرنے والوں کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ شہریوں نے ڈی پی او جہلم سے شہر میں غیرقانونی اسلحہ رکھنے اور اس کی سوشل میڈیا پر سرئے عام نمائش کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
The post ضلع جہلم کے نوجوان سوشل میڈیا پر اسلحہ کی بھر پور نمائش کرنے لگے appeared first on JhelumGeo.com.