Quantcast
Channel: JhelumGeo.com
Viewing all articles
Browse latest Browse all 5119

چودہ گھنٹہ روزانہ کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے کھیوڑہ کے باسیوں کو پاگل کر دیا

$
0
0

کھیوڑہ(راجہ فیاض الحسن نمائندہ کھیوڑہ پوسٹ ) چودہ گھنٹہ روزانہ کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے کھیوڑہ کے باسیوں کو پاگل کر دیا۔ صنعتیں بند، ہنرمند بے کاراور پینے کا پانی ختم ، شہر کربلا کا منظر پیش کرنے لگ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈنڈوت ریلوے اسٹیشن کے مقام پر قائم 132 KVA کا IESCO کمپنی کا گرڈ اسٹیشن کھیوڑہ شہر کو بجلی مہیا کرنے کا سزاوار ہے۔ مگر اس عمل کی انجام دہی کے لئے بنیادی شرط یہ ہے کہ اس گرڈ اسٹیشن تک کہیں سے بجلی پہنچے تاکہ یہ اسٹیشن اس بجلی کو آگے تقسیم کر سکے ۔ موجودہ حالات میں اس کڑی شرط کی تکمیل نا ممکن ہے۔جس کے نتیجہ میں نہ تو اس گرڈ میں بجلی موجود ہے اور نہ یہ آگے کھیوڑہ شہر کو بجلی تقسیم کر رہا ہے۔ کھیوڑہ شہر میں روزانہ چودہ گھنٹہ کی طویل لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے اسی وجہ سے کاروبارِ زندگی معطل ہو گئے ہیں۔کھیوڑہ ایک صنعتی اور معدنی شہر ہے توانائی کی عدم دستیابی کے باعث بڑی صنعتوں کی پیداواری لاگت بہت بڑھ گئی ہے جب کہ چھوٹی اور درمیانی صنعتیں بند ہو گئی ہیں۔ ان صنعتوں کی بندش سے مزدور ، ٹرانسپورٹر، ہوٹل اور خوانچے والوں کے علاوہ تمام دیہاڑی دار ہنر مند بے روزگار ہو گئے ہیں۔ایکسپورٹ آرڈروں کی تکمیل نا ممکن ہو گئی ہے۔ پیداوار بند ہو جانے سے کاروباری حضرات اور حکومت کا کروڑوں کا نقصان ہو گا۔اس سے بھی اذیت ناک امر تو یہ ہے کہ توانائی کی عدم دستیابی کی وجہ سے شہر کی واٹر سپلائی بند ہو گئی ہے۔ اب کیفیت یہ ہے کہ لوگ پانی کی ایک بوند کو ترس رہے ہیں۔ پینے کے پانی کی عدم دستیابی شہریوں کو پاگل کر رہی ہے۔ٹینکر مافیا کی موجیں ہو گئی ہیں جو پانی کو بلیک میں گراں قیمت فروخت کر کے دونوں ہاتھوں سے دولت سمیٹ رہے ہیں اور سرکار کی بلندئ اقبال کی دعائیں کر رہے ہیں۔بجلی نہ ہونے سے اسپتالوں میں مریضوں کا علاج دشوار ہو گیا ہے۔ ٹوٹی ہوئی ہڈیوں والے مریض تڑپ رہے ہوتے ہیں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ایکسرے پلانٹ بندہوتا ہے یوں ان کا علاج رک جاتا ہے۔ بجلی پیدا کرنے والے جنریٹروں کی فروخت عروج پر ہے۔ شہری تو یہ سوچ کر پریشان ہیں کہ اگر لوڈ شیڈنگ کا اس موسم میں یہ حال ہے تو پھر گرمیوں میں زندگی کیسے گزرے گی۔تقسیم کار کمپنی کے ایک حاکم نے نمائندہ کو بتایا ہے کہ بجلی پیدا کرنے والے کارخانوں نے حکومت کی جانب سے بل کی عدم وصولی کی وجہ سے پیداوار بند کر دی ہے اور بقول اس کے لوڈشیڈنگ کی یہ بنیادی وجہ ہے۔

The post چودہ گھنٹہ روزانہ کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے کھیوڑہ کے باسیوں کو پاگل کر دیا appeared first on JhelumGeo.com.


Viewing all articles
Browse latest Browse all 5119

Trending Articles