جہلم(محمداشتیاق پال)جہلم شہر میں فوک لفٹر کے ٹھیکیدار نے عوام کا جینا محال کر دیا۔پارکنگ کیلئے ٹی ایم اے نے کوئی خاص جگہ مختص نہ کی ،چنگ چی سٹینڈ بھی نہ ہونے کی وجہ سے روڈ اکثر و بیشتر جگہ بلاک رہنا معمول بن گیا۔فوک لفٹر نے دفاتر کے سامنے پارکنگ سے گاڑیاں اٹھانی شروع کر دیں جبکہ شاندار چوک میں چنگ چی والوں نے سڑک کے درمیان چنگ چی کھڑی کرکے سواریاں بٹھا رہے ہوتے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق فوک لفٹر جوکہ نوپارکنگ ایریا سے گاڑیاں اٹھانے کا پابند ہے مگر ٹھیکیدار کے عملہ نے ٹریفک پولیس یونیفارم پہن رکھی ہے جس کی اسے قانونی طور پر اجازت نہ ہے لیکن ٹھیکیدار کا یہ عملہ ہٹ دھرمی سے ایم سی ایچ سنٹر شاندار چوک کے سامنے کھڑی موٹرسائیکلوں کو اٹھا کر لے جاتے ہیں اور پرچی بھی نہیں کاٹتے جرمانہ وصول کرلیتے ہیں ۔عوامی سماجی حلقوں نے کہا کہ پہلی بات یہ ہے کہ ٹی ایم اے جہلم کو پارکنگ کیلئے جگہ مہیا کرنا اس کی ذمہ داری ہے ۔اس کے بعد اگر کوئی غلط پارکنگ کرتا ہے تو اس کی گاڑی اٹھا لینی چاہیے۔لیکن نہ تو ٹی ایم اے نے اپنا کردار ادا کیا ہے بلکہ ٹھیکیدار کی من مانی کرنے کیلئے انہوں نے کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔اس پر مزید ستم یہ ہے کہ ڈی ایس پی ٹریفک پولیس اور ڈی پی اوجہلم نے آج تک ٹھیکیدار کے اس ملازم کو ٹریفک پولیس کی وردی غیر قانونی طور پر پہنے پر کوئی ایکشن نہیں لیا۔اسی بناء پر ٹھیکیدار کا یہ ملازم دھونس دھاندلی سے عوام سے ناجائز پیسے وصول کررہا ہے۔عوامی حلقے اس بات کے منتظر ہیں کہ ڈی پی اوجہلم اور ڈی ایس پی ٹریفک جہلم کب اس بات پر ایکشن لیتے ہیں جو ایک لمحہ فکریہ ہے اس کے علاوہ محکمہ ماحولیات کے ضلعی افسر نے بھی اپنی آنکھیں بند کر لی ہیں کہ یہ فوک لفٹر دن بھر عوام کی آنکھوں میں زہریلا دھواں چھوڑتا رہتا ہے۔جس کی وجہ سے شہری آنکھیں ملتے رہ جاتے ہیں اور محکمہ ماحولیات کی چشم پوشی پر ماتم کناں رہتے ہیں۔
The post جہلم شہر میں فوک لفٹر کے ٹھیکیدار نے عوام کا جینا محال کر دیا appeared first on JhelumGeo.com.