Quantcast
Channel: JhelumGeo.com
Viewing all articles
Browse latest Browse all 5119

ملک بھر میں یوم عاشور آج عقیدت و احترام سے منایا رہا ہے

$
0
0

نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کی قربانیوں کی یاد تازہ کرنے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے جب کہ شہر شہر جلوس نکالے جائیں گے اور مجالس بپا کی جائیں گی۔

شہدائے کربلا کی یاد میں ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شبیہہ علم اور تعزیئے بھی نکالے جا رہے ہیں جب کہ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے 26 شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر موبائل سروس بند رہی گے۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کراچی اور لاہور میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے جب کہ اسلام آباد اور روالپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہے۔

کوئٹہ اور ڈیرہ غازی خان میں بھی دفعہ 144 نافذ اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے جب کہ دسویں محرم کے جلوس اور مجالس کے اختتام تک موبائل فون سروس معطل رہے گی۔

کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو براستہ صدر ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے شرکا ریگل چوک پر نماز ظہرین ادا کریں گے۔ مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اوررینجرز کی جانب سے انتہائی سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کے 10 ہزار سے زائد جوان و افسران سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ جلوس کے راستوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ سے کلیئر کرایا جائے گا جس کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

کراچی میں جلوس کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی سڑکیں بھی کنٹینر لگا کر سیل کی گئی ہیں جب کہ جلوس کی گزر گاہوں پر دکانیں اور مارکیٹیں بھی بند رہیں گی، بلند عمارتوں پر ماہر نشانے باز بھی تعینات ہوں گے۔ جلوس کے دونوں راستوں پر اسکینرز نصب کیے گئے ہیں، مرکزی جلوس میں شریک ہونے والے زائرین کو چیکنگ کے بعد شرکت کی اجازت دی جائے گی۔

ٹریفک پولیس حکام نے یوم عاشور تک کے ٹریفک پلان سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جلوس کے باعث ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگی سے کھارادر تک 11 محرم الحرام کی صبح تک بند رہے گا، پریشانی سے بچنے کے لیے شہری متبادل روٹ کے طور پر گرومندر سے کوریڈور تھری استعمال کریں۔ اس کے علاوہ شہری کیپری سینما کے پیچھے والا روڈ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

ادھر لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس رات گئے نثار حویلی سے برآمد ہوا۔ لاہور شہر میں بھی جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ صوبائی حکومت نے پنجاب کے 24 اضلاع اور 10 شہروں کو حساس قرار دیا ہے جس کے باعث پولیس کی بھاری نفری جلوسوں کی سیکیورٹی پر مامور ہوگی اس کے علاوہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے رینجرز اور پاک فوج کو بھی اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔

کراچی اور لاہور کی طرح کوئٹہ، پشاور، راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی یوم عاشور کے چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے جن کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوسوں کے راستوں پر موبائل فون سروس معطل رہے گی جب کہ متعلقہ شہروں میں بھی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔

The post ملک بھر میں یوم عاشور آج عقیدت و احترام سے منایا رہا ہے appeared first on جہلم جیو.


Viewing all articles
Browse latest Browse all 5119

Trending Articles