ملک وال(نامہ نگار) موٹر سائیکل پر سوار مسلح ملزمان کی فائرنگ سے عدالت پیشی پر جانے والے دو افراد شدید زخمی ہو گئے، ایک ملزم ڈی سی او آفس میں ملازم ہے وجہ عنادملزم پارٹی نے مضروب مشتاق کے بیٹے کو 8ماہ قبل یونان بھجوایا تھا جو لاپتہ ہے ۔ تفصیلات کیمطابق موضع چک بساوا کے رہائشی میاں مشتاق نے بتایا کہ اس نے 8ماہ قبل اپنے بیٹے جہانگیر کو اپنے گاؤں کے مختار احمد کے ذریعے یونان بھجوایا تھا لیکن وہاں مختار کے بیٹوں کے ساتھ جہانگیر کی تلخ کلامی ہونے پر انہوں نے جہانگیر کو تشدد کا نشانہ بناکر شدید زخمی کر دیا جس کے بعد سے اس کا بیٹا لاپتہ ہے اور کئی ماہ سے ہمارے ساتھ رابطہ نہیں ہو رہا اس سلسلہ میں مشتاق نے مختار سے اس کے بارے میں پوچھا تو اس نے کچھ بتانے کی بجائے دھمکیاں دیں میاں مشتاق نے بتایا کہ مختار ڈی سی او آفس میں ملازم ہے اور مبینہ طور پر انسانی سمگلنگ کا دھندہ بھی کرتا ہے۔ میاں مشتاق نے بتایا کہ اس نے اس سلسلہ میں مختار کیخلاف ڈسٹرکٹ کورٹس میں کیس دائر کر رکھا ہے جس کی پیشی کیلئے وہ اپنے رشتہ دار میاں عبدالرشید کے ہمراہ موٹر سائیکل پر عدالت میں پیشی کیلئے جا رہا تھا جب موضع واسو کے قریب پہنچے تو ملزم مختار نے اپنے چار مسلح ساتھیوں کے ہمراہ ہم پر فائرنگ کر دی جس سے دونوں شدید زخمی ہو گئے جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ ڈی پی او آفس کے پی آر او رؤف رانجھا نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے جو ان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔۔۔۔
The post موٹر سائیکل پر سوار مسلح ملزمان کی فائرنگ سے عدالت پیشی پر جانے والے دو افراد شدید زخمی appeared first on جہلم جیو.