جہلم( چوہدری عابد محمود +عمیراحمد راجہ+عامر شبیر کیانی + قیصر امجد مغل) خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر میدان عمل میں اترے ہیں۔ مخالفین کی ضمانتیں ضبط کر کے دم لیں گے۔ ہمارے قافلے میں شامل تمام امیدوار کھوکھلے دعوں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔ 19 نومبر موسمی سیاست دانوں کا یوم حساب ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار ورکر گروپ امیدوار برائے چیئرمین یونین کونسل جلالپور شریف چوہدری اسد منہاس ، وائس چیئرمین خالد جنجوعہ نے پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار برائے چیئرمین وائس چیئرمین کی دستبرداری کے اعلان کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ میرے قافلے میں شامل تمام امیدواروں کا ماضی بے داغ ہے اور کھوکھلے نعروں کی بجائے پوری ٹیم عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارا پینل پڑھے لکھے نوجوانوں پر مشتمل ہے پاکستان عوامی تحریک پنڈ دادنخان کی قیادت نے ہمارے ماضی اور حال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے امیدواروں کو ہمارے حق میں دستبردار کروایا ہے،جو کہ ہماری فتح کا پہلا قطرہ ثابت ہو گا۔ چوہدری منہاس نے کہا کہ یونین کونسل جلالپورشریف کے مکینوں کے ساتھ پچھلی کئی دہائیوں سے سوتیلی ماں جیسا رویہ سیاست دانوں نے اپنا رکھا ہے پوری تحصیل میں بنیادی سہولیات نام کی کوئی چیز نہیں ایسے محسوس ہوتا ہے جیسے یونین کونسل جلالپور شریف کے مکین صوبہ بلوچستان کی کسی دور دراز علاقے کی یونین کونسل کے مقیم ہیں جہاں حکومت کیطرف سے بنیادی سہولتیں فراہم کرنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی تاریخی یونین کونسل جلالپور شریف کے مکین پینے جیسے صاف پانی اور دیگر نعمتوں سے محروم ہیں تحصیل پنڈ دادنخان کا سب سے بڑا قصبہ ہونے کے باوجود کسی قسم کی کوئی بنیادی سہولت موجود نہیں علاقے میں مخصوص وڈیروں نے بادشاہت قائم کر رکھی ہے جنکی مرضی سے سورج طلوع اور غروب ہوتا ہے جنہوں نے اپنی سوچ کی عکاسی کرتے ہوئے سفید پوش اور غریب والدین کے بچوں کو محض اس لیے زیور تعلیم سے دور رکھا کہ اگر غریب عوام کے بچے پڑھ لکھ گئے تو انہیں شعور آجائے گا، جسکی وجہ سے پسماندگی پورے علاقے کامقدر بن چکی ہے، چوہدری اسد منہاس نے مزید کہا کہ ہمارے اوپر کسی سیاسی جماعت کی چھاپ نہیں سوچ سمجھ کر آزاد حیثیت سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس وقت تحریک انصاف کی قیادت نے ٹکٹ چھین کر نومولود کارکنوں کو دئیے تو ہم نے فیصلہ کیاکہ ہم خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں ، سیاسی جماعت ہماری ضرورت نہیں بلکہ ہمارا پینل سیاسی جماعتوں کی ضرورت ہے چوہدری اسد منہاس نے کہا کہ 19 نومبر کو طلوع ہونے والا سورج ورکر گروپ کی فتح کی نوید لیکر طلوع ہو گا، اس موقع پر راجہ محمد عنائب، راجہ آصف جنجوعہ، راجہ کامران جنجوعہ، سید ابرار حسین شاہ ، راجہ خالد جنجوعہ ، انجینئر ملک وارث اعوان ، علامہ بشیر احمد طاہر الحاج چوہدری محمد اصغر کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔
The post خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر میدان عمل میں اترے ہیں،اسد منہاس appeared first on جہلم جیو.