جہلم(نیوز ڈیسک)پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے اور آبادی میں اضافہ کی شرح 1.6فیصد ہے ۔ ملک میںآبادی کے کنڑول کے علاو ہ بچیوں کی تعلیم اور صحت کے حوالے سے بھی شعور بیدار کرنا انہتائی ضروری ہے۔ میڈیا کا آگاہی پیدا کرنے میں انتہائی کلیدی کردار ہے اور صحافیوں کی یہ پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے کہ وہ دیگر مسائل اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ وہ بچیوں کی صحت اور تعلیم کی اہمیت کو بھی اجاگر کریں۔ ان خیالات کا اظہار مقامی ہوٹل میں محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام میڈیا بریفنگ میں کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر جہلم حسن خالد وڑائچ نے کہاکہ بچوں کی پیدائش میں وقفہ نہ صرف ماں اور بچے کی صحت کا ضامن ہے بلکہ پورے گھرانے کی پرورش کیلئے بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ بہبود آبادی کی کوششوں اور میڈیا کے تعاون سے آبادی میں اضافہ کے حوالے اور بچیوں کی تعلیم اور صحت کے حوالے سے عوام میں نہ صرف شعور بیدار ہوا ہے بلکہ اس کے اہم نتائج بھی حاصل ہوئے مگر ابھی پاکستان میں اس حوالے صورتحال اتنی تسلی بخش نہیں ہے۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے خبروں ، تبصروں اور کالموں کے ذریعہ آبادی میں اضافہ اور ماں اور بچے کی صحت اور بچیوں کی تعلیم اور صحت کے مسائل کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنے کی اپیل کی۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈینٹر آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر امیتاز ڈار نے کہاکہ ہر ماں کے لئے ضروری ہے کہ وہ پونے دوسال تک بچے کو اپنا دودھ پلائے اور یہ خاندانی منصوبہ کی قدرتی طریقہ ہے کیونکہ ماں کا دودھ بچے کیلئے ایک نعمت ہے جس کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ جو بھی بچہ دنیا میں آتا ہے قدرت نے اس کی خوراک کا پہلے ہی انتظام کیا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لیڈی ہیلتھ ورکر ز اور ہیلتھ نیوٹریشن گھر گھر جا کرماں کے دودھ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ فیملی پلاننگ اور بچیوں کی تعلیم اور صحت کے حوالے سے بھی آگاہی دیتے ہیں۔
The post پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے،حسن خالد وڑائچ appeared first on جہلم جیو.