اوول: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میں پہلے دن کے اختتام تک میزبان ٹیم نے 328 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 3 رنز بنالیے ہیں۔
لندن کے کیننگٹن اوول گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں انگلش کپتان السٹر کک نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 328 رنز پر پوری انگلش ٹیم پویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔
انگلینڈ کی جانب سے الیکس ہیل اور کپتان کک نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں بلے بازوں نے پراعتماد انداز میں اسکور بورڈ پر رنز لگانا شروع کئے اور مجموعی اسکور 23 رنز تک پہنچا تو الیکس ہیلز محمد عامر کی گیند پر یاسر شاہ کو کیچ دے بیٹھے۔ دوسری وکٹ پر جوئے روٹ اور کپتان کک نے 46 رنز کی شراکت قائم کی لیکن کپتان 35 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ روٹ 26 رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار بنے جس کے بعد جیمز ونز بھی ایک رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کا شکار بنے اور گیری بیلنس بھی زیادہ دیر کریز پر نہ کھڑے ہوسکے اور وہ صرف 8 رنز بنا سکے۔
معین علی اور جونی برسٹو نے چھٹی وکٹ کے لیے 93 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کا اسکور مستحکم کیا، جونی برسٹو 55 رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے لیکن معین علی نے کرس ووکس کے ساتھ ملکر ساتویں وکٹ کے لیے 79 رنز کی شراکت داری قائم کی جس کے بعد ووکس کو سہیل خان نے 45 رنز پر آؤٹ کیا اور ایک گیند بعد براڈ کو بھی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ کیا اس دوران معین علی نے اپنی شاندار سنچری مکمل کی۔ سہیل خان نے اسٹیون فن کو 8 اور معین علی کو 108 رنز پر آؤٹ کر کے اننگز میں اپنی 5 وکٹیں مکمل کیں۔ پاکستان کی جانب سے سہیل خان5، وہاب ریاض 3 جب کہ محمد عامر نے 2 وکٹیں حاصل کی۔قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد حفیظ کی جگہ افتخار احمد اور راحت علی کی جگہ وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ انگلینڈ کے خلاف افتخار احمد کا یہ ڈیبیو میچ ہے جو بیٹنگ کے ساتھ بولنگ بھی کرسکتے ہیں جن کی شمولیت کے بعد قومی ٹیم کو 5 بولرز کی خدمات حاصل ہوگئی۔
The post اوول ٹیسٹ؛ انگلینڈ کے 328 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ appeared first on جہلم جیو.