جہلم(عبدالغفور بٹ،محمداشتیا ق پال)29 جنوری کوکھیوڑہ میں منائے جانیوالے تین روزہ بین الاقوامی فیسٹول کیلئے حکومتی خزانے ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا جا رہا ہے اور تما م انتظامات مختلف اداروں کے تعاون سے کئے جا رہے ہیں اورسیاحت اور معدنی نمک کے فروغ کے حوالے سے فیسٹول کے نتائج حیران کن ہونگے۔ کھیوڑہ میں سالانہ چار سے پانچ لاکھ سیاح آتے ہیں ان خیالات کا اظہار ڈی سی او ذوالفقاراحمد گھمن نے بین الاقوامی معدنی نمک اور سیاحت کے فیسٹول کی تیاریوں کے سلسلے میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ اگر کھیوڑہ کان میں سیاحو ں کی دلچپسی کی سہولیات فراہم کی جائیں تو یہ تعداد بلا شبہ چالیس سے پچاس لاکھ سالانہ بھی ہو سکتی ہے اور فیسٹول کے بنیادی مقاصد بھی سیاحت اور تجارت کا فروغ ہی ہیں۔۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی فیسٹول کے ذریعہ روایت قائم کرنا چاہتے ہیں اور امید ہے کہ ایسا فیسٹول ہر سال منعقد ہو گا تاکہ علاقہ میں سیاحت اور تجارت کو فروغ حاصل ہو اور علاقہ کے مسائل بھی حل ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ سیکٹر سمیت تمام متعلقہ سرکاری اداروں نے فیسٹول کے انعقاد میں تعاون کرکے ضلعی انتظامیہ جہلم پر اعتما د کا اظہار کیا ہے اور جہلم اور کھیوڑہ کے عوام تمام مہمانوں کو دل کی گہرایوں سے خو ش آمدید کہیں اور مہمان نوازی کی یادگار روایت قائم کر دیں کیونکہ یہ جہلم کی عزت کا سوال ہے۔ انہوں نے کہاکہ فیسٹول سے قبل منعقد ہونیوالے نمک کی تجارت کے فروغ کا جائزہ لینے کیلئے منعقد ہونیوالے سیمینار میں معدنی نمک کی تجارت کے فرو غ کے حوالے سے اہم اعلانات کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کھیوڑہ شہر کے رہائشیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جار ہی ہے اور فیسٹول کے انعقاد سے شہریوں کے مسائل متعلقہ حکام تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔
The post بین الاقوامی فیسٹیول کے تمام انتظامات مختلف اداروں کے تعاون سے کیے جارہے ہیں،ذوالفقار احمد گھمن appeared first on جہلم جیو.