جہلم( چوہدری عابد محمود +افتخار الحق)وفاقی حکومت کی جانب سے 40 ارب روپے کے ٹیکس کے اطلاق کے بعد مقامی تاجروں نے سگریٹ ، خشک دودھ، ٹوتھ پیسٹ ، امپورٹیڈ شیمپو کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ کر دیا، جسکی وجہ سے ٹیکسوں میں اضافے سے عوام پر بوجھ نہ پڑھنے کے حکومتی دعوے غلط ثابت ہو گئے ۔ جہلم شہر و گردونواح کے تاجروں نے چند اشیاء کی قیمتوں میں 10 سے 20 روپے اضافہ کر دیا ، جن میں سگریٹ ، دودھ ، ٹوتھ پیسٹ، شیمپو سمیت دیگر بے شمار اشیاء شامل ہیں ، سروے میں تاجروں کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے 40 ارب روپے کے نئے ٹیکسوں کے اطلاق سے مہنگائی میں کافی حد تک اضافہ ہوجائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ کوئی بھی لوکل کمپنی بچوں کا دودھ نہیں بناتی ، ٹیکسوں کے اطلاق کے بعد شہر کے بازاروں میں سگریٹ ناپید ہو گئے ، سپلائی شارٹ ہونے کی وجہ سے بے شمار اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں من مرضی کا اضافہ کر دیا گیا ۔ شہریوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 40 ارب روپے کے ٹیکسوں کے اطلاق سے عوام پر بوجھ بڑھے گا، حکومت ایک طرف ٹیکس عائد کر رہی ہے اور دوسری جانب دعوے کر رہی ہے کہ نئے ٹیکسوں کے اطلاق سے عوام پر بوجھ نہیں پڑنے دیا جائیگا۔ موجودہ ٹیکس ایلیٹ کلاس کے لئے نافذ کئے گئے ہیں جو کہ جھوٹ کا پلندا ہے سرکاری ملازمین نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں تنخواہوں میں جو اضافہ کیا گیا وہ اونٹ کے منہ میں زیرہ دینے کے مترادف تھا ، حکومت نے مزدور کش پالیسیاں اپنا رکھی ہیں منی بجٹ کے بعد حکومت کو ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرنا چاہیے تھا حکمران ایک جانب سرکاری اداروں پر کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہیں تو دوسری جانب اشیاء ضروریہ کے نرخو ں میں من مانے اضافے کئے جا رہے ہیں ۔ اگر ملازمین کرپشن نہیں کریں گے تو اپنے بیوی بچوں اور یوٹیلٹی بلز کہاں سے ادا کریں گے۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناانصافیوں کے باعث ملازمین کو مجبوراً کرپشن کارستہ اختیار کرنا پڑتا ہے ، حکمرانوں کو چاہیے کہ کرپشن کے خاتمے کے لئے مہنگائی کو کنٹرول کرے اور شاہ خرچیوں میں کمی کر کے سال میں ایک مرتبہ بجٹ پیش کیا جائے تاکہ ملازمین باعزت طریقے سے اپنے بیوی بچوں اور والدین کا لقمہ حلال سے پیٹ پال سکیں ۔ ان کہنا تھا کہ ٹیکسوں کے اعلان کیساتھ ہی تاجروں نے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں راتوں رات اضافہ کر دیا ہے ۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت اشیا ء ضروریہ پرٹیکس کا فیصلہ واپس لیا جائے ۔
The post تاجروں کا سگریٹ ، خشک دودھ، ٹوتھ پیسٹ ، امپورٹیڈ شیمپو کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ appeared first on جہلم جیو.