جہلم( چوہدری عابد محمود +عمیر احمد راجہ) تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن جہلم کے کرپٹ و نااہل حکام نے سخت حکومتی ہدایات کے برعکس جہلم میں ڈینگی مکاؤ مہم کی بجائے ڈینگی پھیلاؤ مہم پر عملدرآمد شروع کر دیا۔جبکہ نئے ڈی سی او جہلم کے واضح احکامات کے باوجود فرائض میں مجرمانہ غفلت کے مرتکب متعلقہ حکام وائٹ کالر نما بابوؤں اور بغیر ڈیوٹی کئے گھرو دیگر کارروباری مراکز پر بیٹھ کر ماہانہ لاکھوں روپے تنخواہیں وصول کرنے والے سینٹری ورکرز کو ڈیوٹیوں پر حاضر کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئے ہیں جس سے شہر فلتھ ڈپو کا منظر پیش کرنے لگا ہے ۔ جگہ جگہ گندگی کوڑے کرکٹ کے ڈھیر ، بند نالیاں ، ابلتے ہوئے گٹر اوور فلو سیوریج ، ہر گلی محلے میں ملبے کے ڈھیرارباب اختیار کو منہ چڑھا رہے ہیں ، مگر شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں ، شہریوں کی بڑی تعداد نے جہلم پریس کلب کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جہلم شہر و گردونواح میں صفائی کی صورتحال انتہائی ناقص ہو چکی ہے اور کئی سالوں سے جہلم شہر و گردونواح کے علاقوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے لئے سپرے نہ ہونے اور جگہ جگہ گٹروں اور نالوں سے نکلنے والے بدبودار پانی کے گلیوں محلوں میں پھیلنے کے باعث ڈینگی وائرس پھیلنے کا خدشہ لاحق ہو گیا ، ٹی ایم اے کی انتظامیہ گلی محلوں اور شہر میں موجود نالوں کی صفائی کرنے کی بجائے شہر میں موجود نجی پلازوں کوٹھیوں میں کام کرنے کو ترجیح دینے لگے ہیں اور سینٹری ورکرز کی اپنے کاموں سے غیر حاضری کے باوجود سرکاری خزانے سے ماہوار لاکھوں روپے تنخواہیں وصول کر رہے ہیں جس کی وجہ سے شہر اور گردونواح کے گلی محلے چھپڑوں کی شکل اختیار کر چکے ہیں ، شہریوں نے ڈی سی او جہلم ، ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں تعینات سینٹری ورکروں کو گلی محلوں کی صفائی ستھرائی کا پابند بنایا جائے تاکہ شہری بیماریوں اور ڈینگی جیسے موذی مرض سے محفوظ رہ سکیں۔
The post جہلم میں ڈینگی مکاؤ مہم کی بجائے ڈینگی پھیلاؤ مہم پر عملدرآمد appeared first on جہلم جیو.